بینکنگ کورٹ : عبدالغنی مجید کو نیب کے حوالے کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ

کراچی:کراچی کی بینکنگ کورٹ نے نہر خیال کی اراضی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں عبدالغنی مجید کو نیب کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ نیب پراسیکیوٹر اور ملزم کے وکیل کو کل تک دستاویزات جمع کرانے کا حکم دیدیا۔کراچی کی بینکنگ کورٹ میں نہر خیال کی اراضی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں عبدالغنی مجید کو نیب کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ عبدالغنی مجید کو نیب کی کسٹڈی میں دیا جائے جس پر عدالت نے استفسارکیا کہ نیب بتائے کس قانون کے تحت عدالت ملزم کی کسٹڈی نیب کے حوالے کر سکتی ہے،نیب پراسیکیوٹر نے سابق وفاقی مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے کرپشن ریفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اپنایا لہ کسٹڈی حوالے کرنے سے متعلق ڈاکٹر عاصم کا کیس موجودہے ،اس پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ کل تک ڈاکٹر عاصم کیس کی دستاویزات پیش کریں۔اس موقع پر عدالت نے ملزم کے وکیل کو بھی اپنے حق میں دستاویزات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی