اسلام آباد (صباح نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحول کے تحفظ کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات میں ہر طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے۔
وزیراعظم ”کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس“ منصوبے بارے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی جانب سے وزیرِ اعظم کو”کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس“ منصوبے، بارے بریفنگ دی گئی ۔
بریفنگ میں دس ارب درخت لگانے کے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت، وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی، الیکٹرک وہیکلز پالیسی، گرین بلڈنگز سے متعلق قواعد و ضوابط اور ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں دیگر اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ دس دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر منصوبہ بندی کا عمل مکمل کر لیا گیا اور اس سلسلے میں پی سی ون تشکیل دیے جا چکے ہیں، منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریبا سوا تین ارب پودے لگائے جائیں گے جس کا دو سال بعد جائزہ لیا جائے گا۔
مزید بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ پر پابندی کے آغاز میں ہی نہایت حوصلہ افزا نتائج موصول ہوئے ہیں۔اس اقدام کو ہر طبقے کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے ضمن میں پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جسے بہت جلد کابینہ کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔
گرین بلڈنگز کے فروغ کے لئے قواعد و ضوابط بھی مرتب کیے جا چکے ہیں جنہیں بہت جلد پیش کیا جائے گا۔کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس” منصوبے کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، ”کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس“ منصوبے کے تحت ہریالی اور صفائی کے معیار پر ملک کے شہروں اور مضافاتی علاقہ جات کی درجہ بندی کی جائے گی۔ وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کی شراکت داری سے "کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس” منصوبے کے تحت فراہمی و نکاسی آب، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، صفائی ستھرائی، پارکس اور درختوں کی شرح کو معیار بناتے ہوئے شہروں کی درجہ بندی کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں پنجاب کے بارہ اور خیبرپختونخواہ کے سات شہروں میں "کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس” منصوبے کو شروع کیا جائے گا۔ مشیر ماحولیات کی جانب سے لاہور میں شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے حوالے سے بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ (آج) اتوار کو شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے دوران تین کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ماحول کے تحفظ اور ملک میں ہریالی کو فروغ دینے کے سلسلے میں وزارتِ تحفظ ماحولیات کے مختلف اقدامات کو سراہا۔ ماحولیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ماحول کے تحفظ کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات میں ہر طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور عوام میں اس بارے شعور اجاگر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزا ہے۔ اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لئے سکولوں اورطلبا کی بھرپور شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے، بعد ازاں اس مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے ۔