چوہدری شوگرملزکیس

چوہدری شوگرملزکیس: مریم نواز اوریوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

لاہور (صباح نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگرملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کردی۔ بدھ کو لاہور کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نعیم ارشد نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف اور یوسف عباس شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب لاہور کے حوالہ کر دیا۔

عدالت نے نیب کو دونوں ملزمان کو دوبارہ چار ستمبر کو تفتیش میں ہونے والی پیش رفت رپورٹ کے ہمرہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔بدھ کے روز لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد مریم نواز اور یوسف عباس کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا ۔

نیب حکام نے مریم نواز اور یوسف عباس شریف کو عدالت میںپیش کیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ کی جانب سے عدالت میں مﺅقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز اور یوسف عباس تفتیش میں تعادن نہیں کر رہے جس کی وجہ سے تفتیش میں پیش رفت نہیں ہو سکی۔ حافظ اسداللہ نے عدالت سے استدعا کی کہ دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کی جائے تاکہ تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔