کراچی (صباح نیوز) پاک وطن پارٹی (پی ایس پی ) کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ میئر کراچی شہر قائد کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، ان کا نام ای سی یل میں ڈالا جائے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سب سے بات کر چکا، مگر کوئی توجہ نہیں دے رہا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر نے بہت سی پراپرٹی ملک اور بیرون ملک بنالی ہے، ان سے حساب لیا جائے، بہت پیسے نکلیں گے، ذرا سی بارش ہوتی ہے اور 46 لوگ مر جاتے ہیں، ساری ذمہ داری شہری حکومت اور میئر پر عائد ہوتی ہے،
2 ہفتے بعد بھی لوگوں کے گھروں سے پانی نہیں نکلا، آلائشیں ٹھکانے نہ لگانے سے وبائی امراض پھوٹ پڑے۔مصطفی کمال کا کہنا تھا ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالی جا رہی ہے، پوچھا جا رہا ہے کچرا کہاں ڈالیں،
کچرا ایک جگہ سے اٹھا کر دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں، پورا شہر بیماریوں کی زد میں آگیا ہے، خدا کے واسطے آرمی چیف کراچی کا دورہ کریں، آرمی چیف جنگی بنیادوں پر کراچی کا مسئلہ حل کرائیں، وسیم اختر بیرون ملک چلے جائیں گے اور واپس نہیں آئیں گے، کچرا اٹھا کر پارکس میں ڈالاجا رہا ہے.