لاہورہائی کورٹ

لاہورہائی کورٹ نے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بجلی کے بلوں میں انکم ٹیکس وصولی سے روک دیا

لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے لیسکو اور ایف بی آر کو ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بجلی کے بلوں میں انکم ٹیکس وصولی سے روک دیا ہے۔ عدالت نے معاملہ پر حکم امتناع جاری کرتے ہوے لیسکو اور ایف بی آر سے جواب بھی طلب کر لیا ہے۔

پیر کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت بیرسٹر اکرم کی جانب سے دلائل دیئے گئے اور مﺅقف اختیار کیا گیا کہ کمرشل صارفین سے سیکشن 235 بی کے تحت ماہانہ بلوں میں انکم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے ، زیرو ریٹیڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے انکم ٹیکس ماہانہ بلوں میں وصول نہیں کیا جا سکتا اور اس حوالہ سے لیسکو حکام قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

عدالت لیسکو اور ایف بی آر کو انکم ٹیکس کی وصولی سے روکنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے درخواست کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فوری طور پر ایف بی آر کو بجلی کے بلوں میں انکم ٹیکس وصولی سے روک دیا ہے اور لیسکو کے چیف ایگزیکٹو اور چیئرمین ایف بی آر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10روز میں جواب طلب کر لیا ۔