جج ویڈیو سکینڈل

جج ویڈیو سکینڈل ‘ناصر جنجوعہ اور خرم یوسف کی درخواست ضمانت خارج، عدالت سے گرفتار

اسلام آباد (صباح نیوز) جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کیس کے مرکزی ملزم ناصر جنجوعہ اور شریک ملزم خرم یوسف کی ضمانت خارج کر دی گئی، ایف آئی اے نے دونوں کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

پیر کو جج ویڈیو سکینڈل میں مرکزی ملزم ناصر جنجوعہ اور خرم یوسف عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق ناصر بٹ نے ویڈیو ریکارڈ کرائی، رپورٹ کے مطابق ناصر بٹ نے ہی ویڈیو ریکارڈنگ کا منصوبہ بنایا، میرے موکل کا ویڈیو سے کوئی تعلق نہیں۔

جج نے استفسار کیا کیا اس رپورٹ میں کہیں بھی ناصر جنجوعہ کا نام لیا گیا، جس پر وکیل صفائی نے کہا کہ رپورٹ میں کہیں ایسا نہیں لکھا جس سے میرے موکل پر کوئی الزام لگایا گیا ہو، میرے موکل کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے سوائے اس کے کہ درخواست گزار نے انہیں نامزد کیا ہے۔

عدالت نے مرکزی ملزم ناصر جنجوعہ اور شریک ملزم خرم یوسف کی درخواست ضمانت خارج کر دی ،ایف آئی اے نے دونوں کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔