لاہور(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم جماعت الدعوة کے امیر حافظ سعید کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔منگل کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان نے جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید کی مقدمہ منتقلی کی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار نے کہا کہ مجھے لاہور جیل میں رکھا گیا اور ہر پیشی پر گوجرانوالہ لے جایا جاتا ہے،
سکیو رٹی پہلو سے گوجرانوالہ کی اے ٹی سی میں پیشی درست نہیں ، جب لاہور جیل میں رکھا گیا ہے تو کیس بھی لاہور میں ہونا چاہیے، لہذا کیس کی سماعت اے ٹی سی گوجرانوالہ سے لاہور منتقلی کا حکم دیا جائے۔سرکاری وکیل نے عدالت میں بیان دیا کہ کیس کی منتقلی پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس گوجرنوالہ سے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔