زلزلہ متاثرین

زلزلہ متاثرین کیلئے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے،عمران خان

اسلام آباد/میر پور (صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں زلزلہ متاثرین کے دکھ کو محسوس کرسکتا ہوں حکومت پاکستان متاثرین کی بحالی کے لیے پیکیج تشکیل دے رہی ہے. زلزلہ متاثرین کی لئے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے.

زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر آزاد کشمیر اور میرپور کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے دورے اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر کیا۔ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کو آزاد کشمیر میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان، ریلیف کے حوالے سے جاری اقدامات اور بحالی کے لیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر خارجہ، وزیر امور کشمیر، چیئرمین این ڈی ایم اے اجلاس میں شریک ہوئے ۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی عیادت کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال میر پورکادورہ کیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ میں تھا تو زلزلے کا علم ہوااور مجھے بہت افسوس ہوا میں فوری طور پر یہاں کا دورہ کرنا چاہتا تھا مگر امریکہ سے واپسی میں تاخیر ہوئی۔مجھے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اآزاد کشمیر اور میرپور کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے۔انھوں نے کہا کہ میں ان کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں۔ حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے ایک پیکیج تشکیل دے رہی ہے اور زلزلہ متاثرین کیلئے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔