وزیرصحت

وزیرصحت نے صوبہ بھرمیں ادویات کی خرید وفروخت کے قوانین پرسوفیصدعملدرآمد کروانے کاحکم دے دیا

لاہور(آئی آئی پی) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے صوبہ بھرمیں ادویات کی خریدوفروخت کے قوانین پرسوفیصد عملدرآمد کروانے کاحکم دے دیا۔ صوبائی وزیرنے یہ حکم محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم کے وفدسے ملاقات کے دوران دیا۔

ملاقات میں میاں زاہد، اشرف نظامی، پروفیسرجاوید چوہدری اوروفد ممبران میں سوسائٹی کے صدر عبدالطیف شیخ، مس میرین، ڈاکٹر رابرٹ، ڈاکٹر فرخ، ڈاکٹرجمشید اورعمیمہ مزمل بھی موجود تھیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشداوروفدممبران کے درمیان پنجاب میں ادویات کی خریدوفروخت کے قوانین اورپیشنٹ سیفٹی پروگرام بارے تبادلہ خیال ہوا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے پاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم کے وفدممبران سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج معالجہ کویقینی بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھارہے ہیں۔ پیشنٹ سیفٹی پروگرام کے تحت آنے والے تمام مریضوں کے بہترین علاج معالجہ کویقینی بنایاجائے گا۔

صحت کے شعبہ میں اصلاحات لاکربہتری لائی جاسکتی ہے۔ پاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم کے ساتھ مل کرہیلتھ پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاجائے گا۔پاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم کے وفد ممبران نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کیلئے وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کاوشوں کوسراہا۔