اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے غیر انسانی کرفیو پر وہ آزاد کشمیر کے شہریوں کا غصہ سمجھتے ہیں۔کشمیریوں کی مدد کیلئے لائن آف کنٹرول پارکرنیوالا بھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہوگا۔
بھارتی بیانیہ کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو اسلامی دہشت گردی قراردینے کی کوشش کرتا ہے اور یہ کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد کی آڑ میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔
ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بڑھانے کا بہانہ فراہم کرے گی، اس بہانے کی مدد سے بھارت کنٹرول لائن کے پار حملہ کر سکتا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تکلیف کو سمجھتا ہوں، بھارت نے غیر انسانی عمل کرتے ہوئے دو ماہ سے کرفیو لگا رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے لوگ مقبوضہ وادی کو دیکھ کر تکلیف میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ایل او سی کراس کرے گا تو یہ بھارتی بیانیہ کی حمایت ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی کراس کرنا بھارتی بیانیہ کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہو گا۔