ڈاکٹرعارف علوی, مقبوضہ کشمیر

دنیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی، ڈاکٹرعارف علوی

اسلام آباد (صباح نیوز) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اور ملک میں اقلیتوں کے خلاف بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا ادراک کرے ۔

ریڈیوپاکستان کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی ۔صدر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف سخت غم وغصہ پایاجاتا ہے اور بھارتی حکام کوفیو اٹھائے جانے کے بعد ردعمل دیکھیں گے۔

صدر عارف علوی نے کہاکہ کرفیو اور مواصلاتی بندش ختم کی جائے اور صحافیوں کو مقبوضہ وادی جانے کی اجازت دی جانی چاہیے انہوں نے کشمیری عوام سے بھی کہا کہ وہ بھارتی مظالم کی تصاویر کی تشہیر کریں۔کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ایک لاکھ جانیں قربان کی ہیں۔

صدر نے کہاکہ پاکستان اس منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ رہے گا انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ ہرفورم پر کشمیر کامسئلہ اٹھایا ہے ۔