اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ نہ عدالتوں کو مانتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے قانون کو۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے پارٹی کے رہنما اعجاز جکھرانی کے گھر پر نیب کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ نہ عدالتوں کو مانتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے قانون کو، اعجاز جاکھرانی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں۔
بلال بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے ایما پر پی پی کارکنان اور عہدیداروں پر جھوٹے کیس بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے، نیب کارروائیوں کے پیچھے حکومت کی انتقامی سیاست کا پورا پورا عمل دخل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی بھی چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال کیا جاتا ہے مگر نیب اپوزیشن دشمنی میں سب بھول گیا ہے.
پی پی پی عہدیداروں اور کارکنان کو اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا، پارٹی کا ہر کارکن اعجاز جاکھرانی کے ساتھ کھڑا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں وزیر اعلی سندھ کے مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے گھر پر چھاپہ مار کر اہم دستاویزات قبضے میں لی ہیں۔