کراچی (صباح نیوز) احتساب عدالت کراچی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے اور گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا جب کہ تفتیشی افسر سے اس ضمن میں آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ مانگ لی ۔
ہفتہ کو احتساب عدالت کراچی میں آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی،سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر ملزموں کو احتساب عدالت کراچی پہنچا دیا گیا،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،پولیس نے پیپلز پارٹی کے جیالوں کو عدالت کے اندرجانے سے روک دیا،
عدالت نے مفرور ملزموں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے مفرور ملزموں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کابھی حکم دیدیا،عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر مفرور ملزموں سے متعلق رپورٹ دیں ،عدالت نے مقدمے کی سماعت22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔