اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ : مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کیخلاف دائردرخواستوں کو نمٹا دیا

اسلام آباد (صباح نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے جمعیت علماءاسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اعلان کردہ آزادی مارچ اور دھرنے کے خلاف دائر دونوں درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے حکم دیا ہے کہ مقامی انتظامیہ اس معاملہ کو دیکھے۔

عدالت نے قرار دیا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ریاست کا کام ہے۔ چیف کمشنر سے دھرنے والوں نے رجوع کیا انتظامیہ کو اس پر فیصلہ کرنے دیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ انتظامیہ درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے قانون اور اس حوالہ سے جاری کئے گئے عدالتی فیصلوں کو بھی مدنظر رکھے۔

جو احتجاج نہیں کرنا چاہتے ان کے حقوق کی بھی ریاست ذمہ دار ہے۔عدالت نے قراردیا کہ ریاست احتجاج کرنے والوں کے حقوق کی بھی حفاظت کرے گی،انتظامیہ احتجاج کرنے اور نہ کرنے والوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔

جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اس عدالت نے 2014میں احتجاج کی اجازت دی تھی، مقامی انتظامیہ ہر کسی کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے بدھ کے روز ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کے خلاف دائر دونوں درخواستوں کو یکجا کر کے ایک ساتھ سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دیا۔