کراچی (صباح نیوز) سمندری طوفان ”کیار“ سے کراچی کی ساحلی پٹی متاثر ہونے لگی. ابراہیم حیدری کی لٹھ بستی میں سمندرکا پانی داخل ہوگیا جس سے 185 مکان متاثر ہوئے جبکہ 500 سے زائد افراد کو نکال لیا گیا ۔
بحیرہ عرب کے مشرق میں موجود سمندری طوفان کیار کے اثرات کراچی کے ساحلوں پر بھی نظر آنے لگے ہیں، ابراہیم حیدری اور چشمہ گوٹھ کے کچھ مکان سمندری پانی سے متاثر ہوئے ہیں۔
آبادی میں پانی آجانے کی اطلاع ملتے ہی رات گئے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ ابراہیم حیدری پہنچے اور متاثرہ افراد کے لئے عارضی قیام کا بندوبست کیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا کہ طوفان کے باعث بدھ تک سندھ کے زیریں علاقوں میں مٹی کے طوفان اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ماہی گیروں کو بھی گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی۔