اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کا آغاز مثبت زون میں ہوا ہے۔ منگل کے روز بھی مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی ہے، 35 ہزار 277 سے ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس میں 169 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
گذشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 899 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔کاروباری ہفتہ کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ مثبت زون میں ٹریڈ کرتی رہی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز 34 ہزار 377 پوائنٹس پر ہوا اور آغاز سے ہی انڈیکس مثبت زون میں ٹریڈ کرنے لگا۔ موجودہ سیاسی بحران کے باوجود سرمایہ کاروں نے حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران سب سے زیادہ 929 پوائنٹس کا اضافہ بھی دیکھا گیا اور انڈیکس 35 ہزار 306 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 5 ماہ بعد 35 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے دوران 138,199,670 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 7,409,633,340 بنتی ہے۔