لاہور(لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ،معیشت کے حوالے سے مثبت اشاریے سامنے آرہے ہیں اور انشا اللہ بہت جلد پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کی پوزیشن میں آجائے گا ،معیشت کو اندھے کنویں میں دھکیلنے والی (ن) لیگ کی جانب سے معیشت کی بد حالی کا رونا رونا مگر مچھ کے آنسو کے سوا کچھ نہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکومتیں ڈھنگ ٹپاؤ پالیسیوں پر عمل پیرا رہیں اور اپنی واہ واہ کیلئے مصنوعی پالیسیاں تشکیل دی جاتی رہیں جس سے ملک کی معاشی بنیادوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ۔
ڈالر کو مصنوعی طریقے سے منجمد رکھا گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے قرضوں کو اتارنے کے لئے نئے قرضے لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا لیکن موجودہ حکومت نے (ن) لیگ کے دور کے 2ہزار ارب روپے کے قر ض ادا کئے ہیں ۔ ہم سابقہ حکومتوں کی قرض لینے کی پالیسی کی پیروی کرنے کی بجائے انہیں ریکارڈ سطح پر کم کر کے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں ا ور انشا اللہ اسے ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے اور عوام کے اعتماد پر پر پورا اتریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مافیاز کے خلاف نبرد آزما ہے اور ان کی کمر توڑ دی ہے اور انہیں دوبارہ سر نہیں اٹھانے دیں گے۔