افتخار بشیر

مہنگائی اور بے روزگاری ملک میں سیاسی عدم استحکام کا باعث ہے ‘افتخار بشیر

لاہور(لاہور نامہ ) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ معیشت کی ناکامی ،بے روزگاری اور مسلسل مہنگائی نے ملک میں سیاسی عدم استحکام کو جنم دیا جس کی بھاری قیمت ملک، صنعتکار اور عوام ادا کررہے ہیں اور مستقبل قریب میں بھی اسے بھگتتے رہیں گے ،

سیاسی اور معاشی استحکام اگر قرضوں ،، دعوؤں ، وعدوں ، تقریروں اور نعروں کی مدد سے آتا تو اس وقت دنیا میں ایک بھی غریب ملک نہ ہوتا بلکہ تمام ممالک ترقی یافتہ ہوتے، غریب ،بے روزگار اور انتہا پسندی کا نام و نشان نہ ہوتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو باہمی اتفاق سے ملک میں معاشی استحکام کرنا ہوگا۔

اس کے لیے امپورٹ ایکسپورٹ میں توازن ،صنعت و تجارت میں اضافہ اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کی ضرورت ہے صنعتی شعبہ کی پیداوای لاگت میں کمی لانے کے اقداما ت کیے جائیں ملک کی مجموعی صورتحال اور خاص طور پر معاشی محاذ پر حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،ایکسپورٹ میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے معیشت کا گراف مسلسل گر رہا ہے مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام کا اشتعال بھی بڑھتا جارہا ہے اور عوام سڑکوں پر ہے اس لیے معیشت کی بحالی کیلئے اپوزیشن کے ساتھ ملکر مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ ملک معاشی بحران سے نکل سکے۔