کراچی (لاہور نامہ) ٹی وی و فلم کی نامور اداکارہ زیبا بختیار نے کہا ہے کہ آنے والا وقت فلم انڈسٹری کیلئے بہت بہترین ثابت ہوگا‘ وہ وقت دور نہیں جب پاکستانی فلمیں پوری دنیا میں اپنی شناخت بنائینگی‘ نوجوان فلم میکر اور ہنر مند بھرپور جذبے اور محنت سے کام کررہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں زیبا بختیار نے کہا کہ رواں سال ریلیز ہونیوالی فلموں نے کامیابیاں سمیٹ کر فنکاروں اورفلمسازوں کی حوصلہ افزائی کی۔
میری خواہش ہے کہ آنیوالی فلموں کو بھی کامیابی ملے تاکہ مزید لوگ فلم انڈسٹری کی ترقی کے سفر میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب ڈرامے اور فلمیں ملکی سطح پر ہی نہیں بیرون ملک میں بھی زر مبادلہ کمانے کا ذریعہ بن رہے ہیں جو فلمسازی کے عمل کو استحکام دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا وقت فلم انڈسٹری کے لیے بہت بہترین ہوگا۔ زیبا بختیار نے کہا کہ اچھی اور معیاری فلموں سے ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ زیبا بختیار نے امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح کراچی ایک بار پھر فلم انڈسٹری کا مضبوط مرکز بنے گا۔