لیاقت بلوچ

حکومت خوشنما تقاریر کے سحر سے باہر آئے ۔ لیاقت بلوچ

لاہور (لاہور نامہ)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جے یو آئی یوتھ کے کیمپ ، پیغام مصطفےٰؐ کانفرنس سے خطاب اور آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت خوشنما تقاریر کے سحر سے باہر آئے ۔

بھارتی سکھ کھلاڑی اداکار کی تقریر حالات نہیں بد ل سکتی اب تقریر سے آگے بڑھ کر تدبیر و اقدامات کا وقت ہے ۔کشمیریوں کو ہندوستان کے ظلم سے نجات کے لیے وزیراعظم عمران خان سیاسی بحران کو مزیدالجھانے کی بجائے سلجھائیں ۔ متفقہ قومی کشمیر پالیسی بنائیں ، قومی قیادت کو متحد کر کے سفارتی محاذ کا روڈ میپ لائیں ۔ جہاد فی سبیل اللہ سے انکار ریاست مدینہ کے دعوے داروں کو زیب نہیں دیتا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ نظام مصطفیؐ ہی پاکستان کو مستحکم و خوشحال اسلامی پاکستان بنا سکتاہے ۔ دامن مصطفےٰؐ کو پکڑے بغیر اچھے لوگ اچھے ثابت نہیں ہوسکتے ۔

قرآن و سنت کا پیغام چھوڑ کر پاکستان اور عالم اسلام مایوسی ، بد دلی ، بے یقینی اور ذہنی و تہذیبی غلامی کی دلدل اور تباہی کے گرداب کا شکار ہے ۔استعماری قوتوں کے خلاف سٹراٹیجک مدافعت اتحاد امت سے ممکن ہے ۔خاموشی اور بزدلی سے ظلم و ستم سہتے رہنے سے ذلت اور غلامی کے سوا کچھ نہیں ملتا ۔ عالم اسلام کی قیادت مسلمانوں کے معاشی ، سیاسی ، سفارتی اور دفاع کے مسائل کے حل کے لیے متحد ہو جائے ۔ نوجوان سچائی کے پرچار اور قول و فعل کا تضاد ختم کر کے ملک و ملت کی طاقت بن جائیں ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے اسلامی جمعیت طلبہ کے See Lahore کے دوسرے دن کے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے لاہور کے طلبہ ، نوجوانوں اور طالبات کو شاندار پروگرام پر مبارکباد دی ۔