تہران(لاہورنامہ) ایران میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا ،ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے پیٹرول کی قیمت میں 50فیصد اضافہ کردیا ، جس کے باعث گذشتہ 3روز سے مہنگائی، بے روزگاری اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ۔
فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں36افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے، ایران کے مختلف شہروں میں مظاہروں میں شدت آنے کے بعد دارالحکومت تہران سمیت اکثر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ۔ایران میں جاری مظاہروں پر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ انقلاب اور ایران دشمنوں نے ہمیشہ توڑ پھوڑ کی اور سلامتی کی خلاف ورزیوں کی حمایت کی جبکہ اب بھی ایسا ہی کررہے ہیں۔ایرانی صدرحسن روحانی نے کہا کہ احتجاج کرناعوامی حق ہے لیکن ہنگامہ آ رائی کی اجازت نہیں دی جائےگی۔