اسلام آباد (لاہور نامہ) پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور سینیٹررحمان ملک نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے دن کہہ چکا تھا کہ آصف علی زرداری بیک وقت قلب، ہائی بلڈ پریشر و دیگر امراض میں مبتلا ہیں مگر ڈاکٹروں کی تجویز کے باوجود سابق صدر آصف علی زرداری کو ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین سینیٹ کمیٹی داخلہ آصف علی زرداری کو ہسپتال منتقل نہ کرنے کا نوٹس لیا،بڑی مشکل سے حکومت نے تب آصف علی زرداری کو ہسپتال منتقل کیا جب صحت زیادہ بگڑ گئی،جیل قوانین کے مطابق میڈیکل ٹیم کی ہدایت پر عمل درآمد کرنا جیل حکام پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پر فقط الزامات ہیں وہ کوئی مجرم یا سزایافتہ قیدی نہیں ہیں،
آصف علی زرداری تو ایک بہادر انسان ہے کل کوئی اور ہوگا تو اس سے برداشت نہیں ہوگا۔ا نہوں نے حکومت کو واضح الفاظ میں کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی،حکومت آج اتنا ظلم کرے جو کل وہ خود برداشت کر سکے۔