چیئرمین نیب

ریاست مدینہ کیلئے قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھنا ہوگا، چیئرمین نیب

راولپنڈی (لاہور نامہ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی تعبیر ناممکن نہیں، ریاست مدینہ کے لیے سب سے پہلے خود کو بدلنا ہوگا، ریاست مدینہ صرف حکومت کا کام نہیں، ہمیں بھی کردار ادا کرنا ہوگا،نیب کی کسی سے وابستگی نہیں ہماری وفاداری صرف اور صرف پاکستان کے ساتھ ہے،

کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، نیب نے کرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کر دیا ہے، کرپشن کے خلاف اقدامات کر کے اپنی منزل کا آغاز کردیا، ملک کی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا پڑے گا، احتساب کرنا اگر جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے،

نئی نسل ملک کو کرپشن فری بنانے میں نیب کا ساتھ دے۔تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب)کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے فاطمہ جناح یونیورسٹی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کے خواب کو عملی شکل دینے کے لیے سب سے پہلے خود کو ٹھیک کرنا ضروری ہے، ریاست مدینہ اس وقت بن سکتی ہے جب ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کیا جائے،

یہ کام صرف حکومت کا نہیں ہے سب کو مل کر اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔چیرمین نیب نے کہا کہ بنیادی بات قانون کی حکمرانی ہے، جب کوئی قانون کی بالادستی کے لیے قدم اٹھتا ہے تو اسے تلخ حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،

نیب انسان دوست ادارہ ہے ہمیشہ لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھا ہے ایسا نہیں ہے کہ نیب کا نام لے کر مائیں اپنے بچوں کو ڈرائیں۔جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف پہلی اینٹ ضرور رکھ دی ہے تاکہ عمارت تعمیر کی جاسکے، کرپشن کا خاتمہ ہماری پہلی ترجیح اور آخری منزل ہے،

انہوں نے کہا کہ ملک 100 ارب ڈالر سے زیادہ کا مقروض ہوگیا ہے، نیب نے اب تک 328 ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ سیاستدان نہیں ہوں کہ کوئی تنقید کروں، ماضی میں وہ اقدامات نہیں کیے گئے جس سے کرپشن کا خاتمہ ہو۔ملک سے کرپشن کا خاتمہ نیب کی پہلی اور آخری منزل ہے۔ نیب کرپشن کے 70 سالہ پرانے مرض کو اکیلے دور نہیں کر سکتا۔