سکھر(لاہور نامہ) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع کردی۔ ہفتہ کو سکھر کی احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ کیس پر سماعت ہوئی۔
نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی استدعا کی گئی۔خورشید شاہ کے وکلا کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ خورشید شاہ کو 82 روز ہوگئے نیب اب تک کوئی شواہد پیش نہیں کرسکا،
خورشید شاہ پر کوئی کیس نہیں بنتا مگر ہم درخواست ضمانت دائر نہیں کررہے تاکہ نیب مکمل انکوائری کرلے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 12 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب کی سکھر اور راولپنڈی کی ٹیم نے ستمبر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں خورشید شاہ کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، اس وقت سے خورشید شاہ حراست میں ہیں تاہم اب تک نیب ان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرسکی۔