اسلام آباد/لاہور/کراچی(لاہور نامہ) ملک کے مختلف علاقو ں میں وقفے وقفے سے جاری بارش اور پہاڑوں پر بر فباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ،کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
شہر قائد میں لانڈھی، کورنگی، شارع فیصل، ٹیپو سلطان، گلشن اقبال اور ناظم آباد میں رات گئے سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہی۔بارش کے باعث سڑکوں پر موٹر سائیکل پھسلن کے کئی واقعات بھی پیش آئے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک سرجانی ٹاﺅن میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جب کہ نارتھ کراچی میں صفر اعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں مغربی ہواﺅں کے سسٹم کے باعث آج (جمعہ) تک شہر میں ہلکی و معتدل بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسے جس کے بعد سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔مری میں پہاڑوں پر بر فباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جب کہ دیامر کے بالائی مقامات، بابو سر ٹاپ اور نانگا پربت پر بھی وقفے وقفے سے برف باری جاری رہی۔