نیلام گھر کے میزبان طارق عزیز

دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کی آواز بند ، معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز چل بسے

لاہور ( لاہور نامہ) معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے،طارق عزیز کی وجہ شہرت معروف پروگرام "نیلام گھر” تھا، طارق عزیز رکن قومی اسمبلی بھی رہے، کئی فلموں میں اداکاری بھی کی، طارق عزیز 28 اپریل 1936ء کو جالندھر، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔

جالندھر کے آرائیں گھرانے سے ان کا تعلق ہے۔ انکے والد میاں عبدالعزیز پاکستان میں 1947 میں ہجرت کر آئے۔ آپکے والد صاحب پاکستان بننے سے دس سال پہلے سے اپنے نام کے ساتھ پاکستانی لکھتے تھے۔ طارق عزیز نے اپنا بچپن ساہیوال 142/9L میں گزارا۔

طارق عزیز نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے ہی حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ جب 1964ء میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے،تاہم 1975 میں شروع کئے جانے والے انکے سٹیج شو نیلام گھر نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

یہ پروگرام کئی سال تک جاری رہا اور اسے بعد میں بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔ طارق عزیز ہمہ جہت شخصیت کےمالک تھے۔ انہوں نے ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی۔

انکی سب سے پہلی فلم انسانیت (1967) میں آئی تھی اور انکی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں۔ انہیں ان کی فنی خدمات پر بہت سے ایوارڈ مل چکے ہیں اور حکومتِ پاکستان کی طرف سے 1992ء میں حسن کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا گیا۔

طارق عزیز نے سیاست میں بھی حصہ لیا اور 1997 میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، آپکی وفات سے ادب کا بہت بڑا باب بند ہو گیا ہے، اللہ آپ سے رحم کا سلوک فرمائے، آمین