لاہور (لاہورنامہ)عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ عوامی رکشہ یونین
ہر اس شخص کے ساتھ ہے جس کا مرنا جینا پاکستان میں پاکستان کیلئے اور پاکستانیوں کے لئے ہے۔
عوامی رکشہ یونین پسے ہوئے طبقے کی توانا آواز بن چکی ہے۔
لاکھوں دیہاڑی دار مزدوروں کے چولہوں کی بحالی کیلئے عوامی رکشہ یونین ایونٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن
آف پاکستان کے 13جولائی کو پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھر پور شرکت کرے گی۔
پاکستان کے مزدور اکٹھے ہو جائیں تو نہ مہنگائی رہے گی نا مافیا۔جس طرح حکومت نے باقی کاروبار
ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی اسی طرح میرج ہال، مارکیز،کیٹرنگ والوں کوبھی کاروبار کی
اجازت دی جائے۔
مہنگائی کی وجہ سے دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ پس کر رہ گیا ہے۔ مہنگائی کی وجہ بننے والا مافیا وزیر اعظم عمران خان کے دائیں بائیں موجود ہے۔
حکومت میں موجود نا اہل مشیروں، وزیروں کے ہوتے کسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایونٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکز ی عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
ایونٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد میں چیئرمین عدنان آصف بٹ،صدرذیشان ہاشمی،
نائب صدر عمران لوہانی،سیکرٹری جنرل اویس متین و دیگر عہدیداران شامل تھے۔
ایونٹ مینجمنٹ ایسویسی ایشن کے صدرذیشان ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کل پریس کلب کے
باہر پورے پنجاب سے کیٹرنگ اور ایونٹ مینجمنٹ اور شادی ہالوں سے وابسطہ لوگ شرکت کریں گے۔
ہمارے ساتھ لاکھوں دیہاڑی دار مزدور وابسطہ ہیں ہمارے کاروبار بند ہونے سے نا صرف ہم پریشان اور اساسے
بیچ بیچ کر گزارہ کر رہے ہیں بلکہ ہمارے کاروبار سے منسلک ویٹرز،صفائی والے، پھولوں والے، ڈش واشر، گارڈز، پھولوں والے، ٹرانسپورٹرز، رینٹ اے کار والو ں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے۔