اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی
جدوجہد آزادی کئی نسلوں کی قربانیوں کا تسلسل ہے،
ان کی جدو جہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز
جدوجہدکی حمایت جاری رکھے گا.
پاکستان کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کے لیے ثابت قدمی
سے کھڑا ہے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیریوں کی بھارتی فوج کی بربریت کیخلاف اور
غیر قانونی قبضے کو چھڑانے کیلئے جدوجہد کو ہمارا سلام ہے۔
انہوں نے کہا کہ13جولائی 1931کے شہدا موجودہ کشمیری مزاحمت کے بانی ہیں، ہندوتوا ریاست کشمیریوں کا تناسب اور شناخت بدلنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی آزادی کا دن دور نہیں، کشمیریوں کے آباو اجداد نسل درنسل سے آزادی کے لیے جانیں قربان کرتے آئے ہیں. آج کشمیری جرات سے ہندوتوا بالادستی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں.
ہندوتوا بالادستی کا مقصدکشمیریوں کی شناخت مٹانا ہے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ہمیشہ ساتھ ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارت کے قبضے سے آزاد ہوگا۔