صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکا

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکا ہولی فیملی ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی راولپنڈی کا دورہ

لاہور (لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے آج ہولی فیملی ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی راولپنڈی کا دورہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت نے ہسپتالوں کے دورہ کے موقع پر ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور ریسکیو1122کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہولی فیملی ہسپتال میں ڈاکٹرز کے ساتھ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کی مغفرت کیلئے بھی اجتماعی دعا کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر و دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجودتھے۔صوبائی وزیر صحت نے ہسپتالوں کے دورہ کے موقع پر کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا اور گلدستے پیش کئے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جان کی بازی ہار جانے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹرز کی دن رات کی محنت کے باعث آج کورونا وائرس کے کیسز میں بڑی تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔عالمی ادارہ صحت و بین الاقوامی کمیونٹی نے پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کو سراہا ہے۔

ڈاکٹرز نے فرنٹ لائن کے سپاہی ہونے کے ناطے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ڈاکٹرز خدمت انسانیت کے ذریعے دنیا ہی میں جنت کما رہے ہیں۔

راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا بہترین علاج جاری ہے۔انہوں نے عوام سے عیدالاضحی کے موقع پر ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلوں کے ذریعے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی۔