معاونین خصوصی اور مشیروں

وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور مشیروں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

اسلام آباد(لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 15 معاونین خصوصی و مشیروں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق 15 معاونینِ خصوصی اور مشیروں میں سے 5 دہری شہریت اور دو گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔

معاون خصوصی زلفی بخاری برطانوی، ندیم افضل چن کینیڈا، شہزادہ سید قاسم اور ندیم بابر امریکی شہریت رکھتے ہیں جبکہ معاون خصوصی تانیہ ایدریس پاکستان، کینیڈا اور سنگاپور کی شہریت رکھتی ہیں۔

اسی طرح معیدیوسف اور شہبازگل امریکا کے گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کے پاکستان میں اثاثے نہیں البتہ لندن میں وہ کروڑوں روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔

معاونِ خصوصی شہباز گل کے مجموعی اثاثے 15 کروڑ، شہزاد اکبر کے 5 کروڑ سے زائد ہیں۔

اسی طرح ثانیہ نشتر پانچ لاکھ روپے مالیت کے سونے، ایک گاڑی کی مالک ہیں جبکہ ان کے بینک اکانٹ میں ساڑھے 6 لاکھ روپے موجود ہیں اور وہ 23 لاکھ روپے کی مقروض بھی ہیں۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ غیر ملکی شہریت نہیں رکھتے جبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت 29 کروڑ 70 لاکھ رپے ہیں، اسی طرح عبدالرزاق داود کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 75 کروڑ 68 لاکھ جبکہ ملک امین اسلم کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ چالیس لاکھ 48 ہزار روپے ہے۔