پاکستان کی سیکیورٹی کو درپیش ہر خطرے کا موثر جواب دیا جائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی(لاہورنامہ) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران

عید الاضحی اور محرم الحرام کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے،

وبا ءکیخلاف کامیابیوں کو احتیاط سے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے،

پاکستان کی سیکیورٹی کو درپیش ہر خطرے کا موثر جواب دیا جائے گا۔

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی

طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں راولپنڈی جنرل

ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو)میں 233ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی

جس کے دوران ملک کی اندرونی وبیرونی سیکیورٹی کے تناظرمیں آپریشنل تیاریوں پرغور کیا گیا ،

خطے کی سکیورٹی صورتحال پر پاک فوج کے سپہ سالار نے تمام فارمیشنزکی تیاریوں کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا بھی جائزہ لیا گیا،

کور کمانڈرز نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا، آئندہ ماہ اگست کو بھارتی غیر قانونی اقدام کو ایک سال ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹڈی دل اور کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی مدد کرنے پر فارمیشنز کے تعاون کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کورونا وباءکے خلاف لڑائی میں سول انتظامیہ کی مدد کی کوششوں کو بھی سراہا، جبکہ کمانڈرز نے ملک بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی کوششوں کو سراہا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی اور محرم الحرام کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، وبا کیخلاف کامیابیوں کو احتیاط سے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کو درپیش ہر خطرے کا موثر جواب دیا جائے گا۔