بلاول بھٹو

چیئرمین نیب میں شرم و حیا ہو تو استعفیٰ دے کر گھر جائیں، بلاول بھٹو

لاہو ر (لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں قومی احتساب بیورو کے بارے میں جو کہا ہے اس کے بعد نیب کے رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور چیئرمین نیب میں اگر کوئی شرم اور حیا ہے تو استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تو کہتے تھے کہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کے لیے اور سیاسی مخالفین کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن اب سپریم کورٹ بھی یہی بات کہہ رہی ہے،

سپریم کورٹ کے حکم میں نیب، اسٹیبلشمنٹ اور کٹھ پتلی سیاسی جماعتوں کا احتساب کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو بند کردیا جائے، اس غیر آئینی، غیر جمہوری ادارے کے دروازوں کو تالا لگادیا جائے۔

پارلیمان اور جمہوری جماعتوں کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا پنجاب کی ٹیم نالائق، نااہل ہے, انہوں نے کہا سندھ فرنٹ لائن ورکرز کو رسک الاونس دے سکتا ہے تو باقی صوبے کیوں نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر پاکستانی کی زندگی، صحت اور معاشی حالات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جو لوگ انہیں پاکستان کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے لائے تھے تو کیا پاکستان صاف و شفاف ہوگیا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا پنجاب میں بدعنوانی ہورہی ہے اور بی آرٹی، مالم جبہ میں ہونے والی کرپشن کا بھی جواب دینے کے لیے تیار نہیں۔