گوجرانوالہ ( لاہورنامہ) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں اب تک کئے جانے والے اقدامات اور محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیاگیا-
اجلاس میں صوبہ بھرکے تمام کمشنرز‘ ڈپٹی کمشنرز‘ محکمہ صحت کے افسران نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی-
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے صوبائی وزیر اور اجلاس کے شرکاء کو صوبہ میں ڈینگی کی صورتحال اور اس کے موثر کنٹرول کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے دوران اب تک صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے 20 مریض رپورٹ ہوئے .
جن میں سے 13 کا تعلق لاہور‘ 3 کا بہاولپور‘ ایک ایک مریض کا تعلق اوکاڑہ‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ اور بہاولنگر سے ہے-
انہوں نے بتایا کہ خدا کے فضل وکرم سے کسی بھی مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے اور علاج معالجہ کے بعد تمام مریض صحت یاب ہوچکے ہیں -انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے-
صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا ہے کہ وہ حکومتی ترجیح کے پیش نظر ڈینگی کے سدباب کے سلسلہ میں تمام اقدامات بروقت مکمل کریں.
اور بالخصوص ڈینگی کا سبب بننے والے ہاٹ سپاٹ ختم کرنے کے حوالہ سے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر مربوط اور ٹھوس اقدام کریں –
انہوں نے واضح کیا کہ کرونا کے خاتمے میں دیگرمحکموں کے ساتھ محکمہ صحت کے افسران‘ ہیلتھ پروفیشنلز اور فرنٹ لائن ورکرز نے بے مثال خدمات سرانجام دی ہیں اور اس جذبے کے ساتھ ہم سب کو مل کر ڈینگی کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا-
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے صوبائی وزیر کو ڈویژن میں ڈینگی کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پورے ڈویژن میں صرف ایک مریض رپورٹ ہوا اور محکمہ صحت دیگر محکموں کے ساتھ مل کر لاروا کی نشاندہی اور تلفی کویقینی بنا رہا ہے-
انہوں نے بتایا کہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کے اسباب بچاؤ ودیگرحفاظتی تدابیر کے حوالہ سے عوام کو مسلسل شعور و آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے اور ڈویژن میں ڈینگی کی صورتحال مکمل طور پرکنٹرول میں ہے-