ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل

وزیر اعظم کی زیر صدارت بلوچستان، گوادر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کےلئے اعلی سطح اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم عمران خان نےبلوچستان کے مسائل کے حل کےلئے وزیرمنصوبہ بندی، مشیر خزانہ اور وزیراعلی بلوچستان پرمشتمل کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام کے احساسِ محرومی کا مکمل ادراک ہے،

ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو فراہم کیے گئے لیکن فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔

گوادرکی تعمیروترقی کا منصوبہ گیم چینجرکی حیثیت رکھتاہے۔ بلوچستان میں نوجوانوں کوروزگارفراہم کرنے اورانفراسٹرکچرکے قیام پرتوجہ دی جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ترقیاتی کونسل کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، حماد اظہراورعلی حیدرزیدی، عمرایوب،مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داد اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے بھی شرکت کی۔

اعلی سطح اجلاس میں معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں بلوچستان کے وردرازعلاقوں میں آمدورفت کے مختلف منصوبے، آبی وسائل کے بہتراستعمال، زراعت، توانائی اور بارڈرمارکیٹوں کے قیام سمیت گوادر پورٹ سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کیلئے مختلف منصوبے زیرغور آئے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے بلوچستان کے مسائل کے حل کےلئے وزیرمنصوبہ بندی، مشیر خزانہ اور وزیراعلی بلوچستان پرمشتمل کمیٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان یقینی بنانا،اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو فراہم کیے گئے لیکن فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا جاتا رہا، جس سے صوبے کا بڑا حصہ پسماندگی کا شکار رہا ،عوام میں احساس محرومی نے جنم لیا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کی عوام کے احساسِ محرومی کا مکمل ادراک ہے، جس کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔