وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین سینیٹ کی وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال خان سے ملاقات

لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال خان سے ملاقات کی .

جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور چاروں صوبو ں کے درمیان باہمی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے تسلسل کے ساتھ رابطے جاری رکھنے اور چاروں وزرائے اعلیٰ کے صوبوں کے باہمی دوروں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

تینوں رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے عوام اور حکومتوں کے باہمی تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں اور اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبوں کے درمیان یگانگت اور تعاون کو فروغ دے کر ملک کی تعمیر و ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب قومی امور پر دیگر صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتا ہے۔ ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والوں کی سہولت کیلئے پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔پنجاب اور بلوچستان ترقی کے سفر میں قدم بہ قدم اکٹھے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن انتشار پیدا کرکے عوام کی خدمت کا سفر روکنے کے درپے ہے۔

اپوزیشن کے مذموم عزائم پہلے کامیاب ہوئے نہ آئندہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حالیہ دورہ بلوچستان کے دوران مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال خان نے بلوچستان کی ترقی میں دلچسپی لینے اور مالی معاونت پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے تشکر کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تربت میں ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سینٹر کے قیام کیلئے تعاون کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔

عثمان بزدار کا یہ اقدام بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ عوام کی خدمت کے سفر میں ہم سب ایک ہیں۔