محمد جاوید قصوری

عوام کے دکھوں کا مداوا صرف اسلام کا نظام ہی کرسکتا ہے، محمد جاوید قصوری

لاہور ( لاہورنامہ)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی اللہ کی کبریائی کو اس روئے زمین پر قائم کرنا چاہتی ہے۔

اور اس کے لیے ہم مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔

ہم باطل قوتوں کے خلاف اللہ کی وحدانیت پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

حق و باطل کے معرکے میں ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیاہے کہ ایسے لوگوں سے نجات حاصل کی جائے جن کے نزدیک انتخابات عوام پر حکمرانی اور مال و دولت بنانے کا ذریعہ ہیں۔

ہمارے نزدیک انتخابات اللہ اور اس کے رسول ؐ کے نظام کو نافذ العمل کرنے کا راستہ ہیں اور ان شاء اللہ ضرور کامیاب ہو نگے۔

جماعت کے ممبران ہر دور حکومت میں منتخب ہو کر اسمبلیوں میں آئے مگر ملک کی تاریخ گواہ اور انٹرنیشنل میڈیا اس بات کا بر ملا اظہار کرچکا ہے کہ سب سے زیادہ صاف شفاف قیاد ت اور افراد جماعت اسلامی کے ہیں۔

ہمارے پاس ملک کی تقدیر سنوارنے کا بہترین ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی زمین پر صرف اور صرف اللہ کا قانون قائم ہونا چاہیے مگر بد قسمتی سے 74برسوں سے یہاں انگریزوں کا نظام قائم ہے۔

عوام نے کبھی سیکولر ازم کو دیکھا تو کبھی لبر ل ازم کو، مگر دونوں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔

اب اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے کا وقت ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہعوام نے مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف کی تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے۔

تینوں پارٹیاں اپنے اپنے مفادات پر کام کررہی ہیں۔ قومی اسمبلی میں سود کا مسئلہ ہو یا شراب پر پابندی لگانے کا سب ایک ہی جگہ اکٹھے ہوجاتے ہیں۔

حکمرانوں کے پاس عوام کو دینے کے لیے جھوٹے وعدوں اور نعروں کے سوا کچھ نہیں۔

ہمارے پاس بہترین دعوت ہے۔ اعلیٰ نظریہ ہے اور خدمت خلق میں پیش پیش رہنے والی جماعت ہے۔ عوام کے دکوں کا مداوا صرف اللہ کا نظام کرسکتا ہے۔