لاہور (لاہورنامہ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے آل پاکستان ٹریڈرز ونگ تحریک انصاف کے صدر حاجی طاہر نوید کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن این سی اوسی کا متفقہ فیصلہ ہے،
عید کے موقع پر سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ مجبوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل فیصلے کاواحد مقصد کرونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
تاجر کمائے گا تو حکومت کو بھی ریونیو ملے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تاجروں اور عوام سے اپیل ہے کہ کرونا کی روک تھام کے لئے تعاون کریں۔
سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے پولیس تاجروں سے بدسلوکی نہیں کرے گی۔
آئندہ سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے متعلقہ اے سی اور ڈی سی تاجروں سے ڈیلنگ کریں گے۔اس ضمن میں ہدایات جاری کردی گئی ہیں –
محکمہ صنعت و تجارت کے افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔