سنٹرل پولیس آفس میں تقریب

پنجاب پولیس کے شہداء کے خاندانوں سے اظہار یک جہتی کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں تقریب

لاہور(لاہورنامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ عوامی خدمت اور تحفظ کے عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران و اہلکار قومی ہیروز اور محکمہ پولیس کا قابل قدر و قیمتی سرمایہ ہیں.

جن کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر محکمے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے.

اور اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پنجاب پولیس کے شہداء
پنجاب پولیس کے شہداء کے خاندانوں سے اظہار یک جہتی کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں تقریب

انہوں نے مزیدکہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولے گی جنہوں نے شہریوں کی حفاظت اور خدمت کو اپنی جانوں سے بھی زیادہ مقدم سمجھا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے بہترین پیکج تشکیل دینے میں بطور ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس میرا بھی حصہ ہے.

جبکہ شہداء کی قربانیوں کے اعتراف میں ہربرس 4 اگست کو ”یوم شہدائے پولیس“بھرپورجوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے جو محکمے کی جانب سے اپنے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین اورپولیس فورس کیلئے تجدید عہد کا دن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں شہدائے پولیس کے خاندانوں سے اظہار یک جہتی کیلئے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں لاہور پولیس کے 15شہداء محمد اعظم سیماب، وارث علی،محمد افضل،محمد صدیق،وقاص علی، ٹیپو فرید،محمد رمضان،محمد ادریس،محمد سعید،شوکت علی،محمد آصف،شبیر حسین،نیاز احمد،امتیاز احمداورقمر شہزادکے اہل خانہ کو مدعو کیا گیا تھا.

جنہیں آئی جی پنجاب نے محکمے کی جانب سے عید گفٹس اور کیش رقوم بھی دیں۔

آئی جی پنجاب نے شہداء کی فیملیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج کی تقریب اس عزم کا اعادہ ہے کہ محکمہ پولیس آپکے شانہ بشانہ کھڑا ہے.

اور زندگی کے کسی مرحلے پر اپنے کسی شہید کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس افسران واہلکار قومی و مذہبی تہواروں پر اپنے اہل خانہ کی خوشیوں اور جذبات کو پس پشت ڈال کر شہریوں کی حفاظت کوترجیح دیتے ہیں جبکہ کورونا وباء میں بھی پولیس فورس نے جذبہ خدمت اور فرض شناسی کے تحت فرائض سر انجام دئیے ہیں جسے حکومتی اور عوامی سطح پر بھرپور سراہا گیا ہے اور پولیس فورس مستقبل میں بھی اسی جذبے کے تحت عوامی خدمت اور تحفظ کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

تقریب کی میزبانی ایس پی ہیڈ کوارٹر لاہورجمیل ظفر نے کی جبکہ اس موقع پر سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔