مشال ملک

مظلوم کشمیری عوام پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا، مشال ملک

راولپنڈی(لاہورنامہ) یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے راولپنڈی آرٹس کونسل نے ایک خصوصی ڈاکیومنٹری پیش کی.

جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ڈاکومنٹری میں کورونا وبا کے دوران کشمیری عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر راولپنڈی آرٹس کونسل کے یو ٹیوب چینل پر آپ لوڈ کئے جانیوالے خصوصی لیکچر میں کیا۔

مشال ملک نے کہا کہ بھارت نے حق آزادی کی پر امن جدو جہد کرنے والے ہزاروں قیدیوں کو جیلوں میں محبوس کر رکھا ہے اور ان پر بدترین تشدد بھی کیا جا رہا ہے مگر بھارت پھر بھی آزادی کی آواز کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کی یہ سیاہ رات اپنے انجام کے قریب ہے اور مظلوم کشمیری عوام پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔

مشال ملک نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہر حال میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے، اس مشکل ترین میں دور میں بھی پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت بھی جلد دیکھنا نصیب ہو گا جب پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا دن منائے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن راولپنڈی حامد جاوید اعوان، ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر سجادحسین بھی موجود تھے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے، حامد جاوید اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر کئے جانیوالے مظالم کو بھارت پوشیدہ رکھنا چاہتا ہے تاکہ دنیا کو اندھیرے میں رکھا جا سکے .

مگر پاکستان نے ہمیشہ بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل کی طرف سے پیش کی جانیوالی یہ ڈاکومنٹری پوری دنیا کے لئے چشم کشا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں حقائق کوچھپانا ممکن نہیں اور جو مظالم بھارت نے ڈھائے ہیں وہ پوری دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرہ کو بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہیں۔

ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے اور اب کشمیریوں کی آزادی کا وقت قریب آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار کے فنکاروں نے بھی اپنی تصاویر، پیٹنگز اور شاعری کے ذریعہ کشمیری عوام سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔