مظفر آباد (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 5 اگست کو نریندر مودی بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے،
کشمیری جس دور سے گزر رہے ہیں اس کی منزل آزادی ہے،
بھارت سمجھ رہا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے اس کے اقدام پر پاکستان خاموشی سے بیٹھا رہے گا ،
بھارت کو یاد رکھنا چائیے کہ دنیا کی طاقتور قومیں تکبر میں فیصلے کر کے تباہ ہوگئیں۔
سید علی گیلانی کو نشان پاکستان اعزاز سے نوازیں گے،
آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے خود مغربی ممالک کے سربراہان، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے بات کی اور انہیں سمجھایا کہ کشمیر میں ہو کیا رہا ہے
جس سے انہیں آہستہ آہستہ اس معاملے کی سمجھ آنے لگی۔
عمران خان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو آہستہ آہستہ مسئلہ کشمیر کی سمجھ آئی،
نیویارک ٹائمز میرا مضمون نہیں چھاپتا تھا لیکن انہیں سمجھایا کہ نریندر مودی کا نظریہ آر ایس ایس بنانے والے ہٹلر اور نازیوں کے نظریات سے متفق تھا اور وہ ان کے اقدامات کو درست مانتے تھے اور کہتے تھے یہی ہمیں مسلمانوں کے ساتھ کرنا چاہیئے، میں نے اس کے گورننگ بورڈ کو سمجھایا جس سے تبدیلی آئی،
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں جتنی صلاحیت موجود ہے اس کا خود پاکستانیوں کو اندازہ نہیں ہے۔
یوم استحصال کے موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان اوپر جارہا تھا اور ایک کتاب میں یہ بھی پیش گوئی کی گئی تھی کہ پاکستان کیلفورنیا بن جائے گا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہیں تو اس ریاست میں نبی کریم نے قانون بنائے تھے جن پر عمل کرکے وہ ریاست آگے گئی۔
مسلمانوں نے اصول اپنائے تھے اس لیے انہیں کامیابیاں ملیں لیکن جب اصولوں سے پیچھے ہٹ گئے تو پھر زوال کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا اس اقدام پر پاکستان خاموش نہیں رہا بلکہ دنیا بھر میں آواز اٹھائی اور اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں 1965کے بعد 3مرتبہ کشمیر کا معاملہ زیر غور آیا جبکہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی 2 رپورٹس منظر عام پر آئیں۔