شیخ رشید

نیب آزاد ادارہ ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو اب تعویز دھاگے کا کام کرناچاہئے، شیخ رشید

اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پرکرپشن کے سنگین الزامات ہیں ،

انہیں اب تعویز دھاگے کا کام کرناچاہئے،

آصف زرداری نے کریمنل پروسیجر پر پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے ،

پریس کانفرنس کیلئے بیٹے بلاول کو رکھا ہوا ہے.

جمعرات کے روز وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے کسی کو بھی بلا سکتا ہے ،حکومتی بندوں کو بھی نیب میں بلایا جا سکتا ہے ،چینی سکینڈل میں ہمارے لوگوں کا بھی نام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو کوئی فکر نہیں ،انہوں نے کریمنل پروسیجر میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے.

اور آصف زرداری نے پریس کانفرنس کیلئے بیٹے کو رکھا ہوا ہے جبکہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے.

انہیں تعویذ دھاگے کا کام کرنا چاہئے ، شہباز شریف اور حمزہ پر بڑے کرپشن کے الزامات ہیں.

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس 15 اگست تک نہ ہوئی تو پھر محرم شروع ہو جائے گا.

جبکہ اپوزیشن کا جلد یہ مطالبہ ہو گا کہ نیب ختم کرو ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اپوزیشن میں وہ دم خم نہیں ہے ،

انہیں سہولتیں اور رعایت چاہئے اور تمام اپوزیشن کو معلوم ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 5سال پورے کریں گے ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ ایکنک نے منظور کر لیا ہے ،ایم ایل ون منصوبے سے ریلوے کا سارا سسٹم خودکار ہو جائے گا اور منصوبے میں 90فیصد ملازمتیں پاکستانیوں کیلئے مختص ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو روز گار ملے گا جبکہ منصوبے کے تحت ٹرینوں کی تعداد بھی بڑھے گی ۔

ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل سے سفر کا دورانیہ کم ہو جائے گا ،

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ ان کی زندگی کا مشن تھا اور نالہ لئی پروجیکٹ پر بھی جلد کام شروع ہو جائے گا، ایم ایل ون منصوبے کے ایم ایل 2،3 اور 4 منصوبے بھی ہیں ،

انہوں نے کہا کہ موجودہ ریلوے ٹریک پر آئے دن حادثات ہوتے رہتے ہیں ،

ایم ایل ون منصوبے سے حادثات میں کمی ہوگی اور ٹرینوں کی تعداد بھی 34سے146ہو جائے گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبوں میں ریٹائرڈ افراد شامل کئے جائیں گے جبکہ چین میں سرکاری نوکری ہوتی ہی نہیں لیکن تنخواہیں بہت زیادہ ہیں۔