لاہور (لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جیسے جیسے معیشت اور گورننس کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں ویسے ویسے اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوب رہی ہے ،
اپوزیشن جماعتوں کے مفادات کی ”فریکونسی ” ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہے.
اس لئے آل پارٹیز کرپشن کانفرنس کے انعقاد کی بجائے جوتیوں میں دال بٹنے کی پیشگوئی درست ثابت ہو رہی ہے ،
وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح ملک کی کشتی کو مسائل اور چیلنجز کے بھنور سے نکالاہے عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں ۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہشات کے برعکس پاکستان اپنی پوری رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اور انشا اللہ آگے بڑھتا ہی چلا جائے گا.
اور بالآخر ایک دن اپنی منزل تک بھی پہنچے گا ۔
اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف محاذ کھولنے کا کوئی جواز نہیں اس لئے انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا اور میں نہ مانوں کے بیانیے کی ریکارڈنگ چلا ئی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار قانون کا احترام کرتے ہوئے بغیر پروٹوکول کے نیب کے سامنے پیش ہوئے جبکہ پانامہ رانی جو کرپشن کی بارات کے ساتھ نیب گئی تھیں .
انہوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قومی ادارے پرحملہ کر کے اس کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی .
جس پر پوری قوم میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور اپوزیشن ایسے ہی واویلا کرتی رہے گی جس سے ہمیں کوئی سروکار نہیں۔