روالپنڈی (لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں یوم فلسطین منایا گیا۔
فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چاروں صوبائی ہیڈ کواٹرز لاہور ،کراچی ،
کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے اور القدس ریلیاں ہوئیں.
جن میں عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

سینیٹر سراج الحق نے راولپنڈی میں القدس مارچ کی قیادت کی اور خطاب کیا۔
ریلی سے نائب امیر میاں محمد اسلم،ڈاکٹر طارق سلیم ، رضا احمد شاہ، عارف شیرازی ، نصراللہ رندھاوا صدر مرکزی
تنظیم تاجران پاکستان چوہدری محمد کاشف ، حافظ محمد تنویراحمد و مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے
والی نمایاں شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کان کھول کر سن لے فلسطین پر سودے بازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ فلسطین اور بیت المقدس امت مسلمہ کا ہے ۔
مسجد اقصیٰ وہ مقدس مقام ہے جہاں نبی مہربان حضرت محمد ﷺ نے تمام انبیاءکی امامت کرائی اسی لئے یہ امت مسلمہ کا قبلہ اول ہے ۔
اسرائیل فلسطین کی مقدس زمین پر قبضہ کرکے بنایا گیااور عالم کفر نے پوری دنیا کے یہودیوں کو اکٹھا کرکے اس ناجائز ریاست میں آباد کیا ۔
سب سے پہلے امریکہ اور پھر روس نے اسرائیل کو تسلیم کیا جبکہ 1948سے لیکر آج تک کسی مسلم ملک نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں۔
آج اگر عرب امارات نے اس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی بات کی ہے تو پوری امت مسلمہ کے دل زخمی ہیں۔ اسرائیل سے یہ معاہدہ دراصل ٹرمپ کی کامیابی ہے۔
حکومت او آئی سی کا فوری اجلاس بلائے اور امارات کے معاہدے کو منسوخ کیا جائے۔
پاکستان کے22 کروڑ عوام اس معاہدے کو مسترد کرتے ہیں۔
آج اگر ہم بیت المقدس سے دستبردار ہوئے تو کل دنیا کشمیر سے بھی دستبردار کروا دے گی۔
کشمیر و فلسطین دونوں ہمارے نظریاتی محاز ہیں۔حکومت نے کچھ نہ کیا تو اگلا مارچ اسلام آباد کی طرف ہو گا۔