لاہور (لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) حکومت کے خلاف وائٹ پیپر کی بجائے اپنے ادوار کے کرتوتوں پر بلیک پیپر جاری کرے ،
وزیر اعلی عثما ن بزدارنے صوبے میں ”ٹی ٹی مارکہ”گورننس متعارف نہیں کرائی اوراگر مسلم لیگ (ن) اسے بزدار حکومت کی ناکامی قراردیتی ہے تو ہمیں اس پر بے پناہ فخر ہے ،
مسلم لیگ (ن) کو کھلا چیلنج ہے صرف کاغذ لہرانے کی بجائے اعدادو شمارکے ساتھ جب چاہیں سامنے بیٹھ جائے ۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق جنوبی پنجاب صوبے کیلئے عملی پیشرفت کی ہے.
جبکہ ماضی میں مسلم لیگ (ن)نے دو تہائی اکثریت کے باوجود جنوبی پنجاب کی عوام کو دھوکہ دیا ،
مسلم لیگ (ن)اصل میں اپنی ڈوبتی سیاست پر ماتم کر رہی ہے اور یہی انکا مقدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”’ٹی ٹی مارکہ خادم اعلی نے صوبے اور عوام کے ساتھ جو کیا اس کے حقائق عوام کے سامنے آ چکے ہیں،
موجودہ پنجاب حکومت کی دو سالوں کی کارکردگی پر مفصل رپورٹ جلدقوم کے سامنے رکھیں گے جس سے مسلم لیگ (ن) کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قوم کو گمراہ کرنے سے بازرہے کیونکہ اب ان کا جھوٹ کا چورن کسی صورت نہیں بکے گا بلکہ ان کا کڑا محاسبہ ہونے والا ہے ۔