لاہور( لاہورنامہ) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام گزشتہ روز استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی۔
ریلی مرکز اہلحدیث 106راوی روڈ سے شروع ہوکر مینار پاکستان اور ناصر باغ سے گزرتے ہوئے جامعہ احسان الٰہی ظہیر لارنس روڈ پہنچی۔ ریلی کی قیادت علامہ سینیٹر ساجد میر نے کی۔
ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہم ا ستحکام پاکستان کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اس کی بقا بھی اسلام کے نفاذ میں ہے۔ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگانے والی حکومت میں وزیر اعلی شراب کے پرمٹ جاری کرتا ہے۔
تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے ساتھ ناانصافیاں کیں۔
نیب سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ بن کر رہ گیاہے۔
ہماری سیاست پاکستان کے استحکام، مسلمانوں کے اتحاد اور دین کے فروغ کے لئے ہے، ہمیں دکھ ہے کہ حکومت اپنے دعووں کے بر عکس عوام کے لئے آزمائش بن گئی ہے۔
معیشت اور امن و امان سے لے کر خارجہ پالیسیوں تک حکومتی کارکردگی انتہائی ناقص ہے۔فلسطین پر اسرائیلی مظالم قابل مذمت ہیں۔اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔بھارت اور اسرائیل پاکستان کے دشمن ہیں۔سعودی عرب اور پاکستان کا اسرائیل کے خلاف یکساں موقف حوصلہ افزا ہے۔
ہمارے اسلاف و اکابرین نے سب سے بھاری تعداد میں پاکستان بنانے کی حمایت کی۔
آج کا پاکستان ہمارے اسلاف، اکابرین، آبا و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
آج پاکستان کو بچانے کیلئے بانیان پاکستان کی اولادیں ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ملک کے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کرنے کے لئے ملک کی نوجوان نسل کو آگے بڑھنا ہوگا۔ ملکی ترقی اور استحکام کے لیے حکمرانوں کو مثبت فیصلے کرنا ہوں گے۔
علامہ ابتسام الہی ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ علامہ ساجد میر کی قیادت میں اعلائے کلم اللہ کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔
پاکستان میں اسلامی اقدار اور شعائر کے خلاف اٹھنے والی ہر ساز ش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ریلی میں کارکنا ن کی بڑی تعداد شریک تھے۔
جنہوں نے پرچم اٹھا رکھے تھے۔شرکا ریلی پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے نعرے بازی بھی کی۔