لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے مسائل حل کرنے کے لئے خود میدان عمل میں آگئے-
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت لاہور سے متعلق اعلی سطح کا خصوصی اجلاس منعقدہوا.
وزیراعلی عثمان بزدار نے اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے مختلف محکموں کو لاہور کی بہتری کے لئے ٹاسک سونپ دیئے-
اجلاس میں لاہور کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا-
اس کمیٹی کا اجلاس ہر پندرہ دن کے بعد منعقدہوگا اور متعلقہ محکمے رپورٹ پیش کریں گے –
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکموں کو ٹھوس اور پائیدار اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لئے مربوط پلاننگ اور اوور چارجنگ کا سدباب کیاجائے-
مختلف سڑکوں پر صدقے کا گوشت اور پرندے بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی- آوارہ کتوں سے شہریوں کو بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے-
میٹرو برج اور انڈرپاسز کے قریب منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈوان کیا جائے گا-
اجلاس میں شہر میں گداگری کے بڑھتے ہوئے رحجان کے سدباب کے لئے فوری اقدامات کرنے اورماحولیاتی تحفظ کے لئے دھواں اگلتی گاڑیوں کی روک تھام کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیاگیا-
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ بدنما وال چاکنگ ختم کر کے سرکاری اداروں کی دیواروں پر پینٹنگ/ گرافٹی کی جائے گی-
غیر منظور شدہ ہاسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی-
رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے رحجان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی-
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے رحجان کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں – وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہور بھر کی اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی-
لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کرایا جائے-
شہر بھرکی سٹریٹ لائٹوں کو بحال کیا جائے گا-پارکوں، گرین بیلٹس اور ہارٹیکلچر کی بحالی کے لئے خصوصی پلان تیار کیا جائے گا-
شہر کے مختلف علاقوں میں بند واٹرفلٹریشن پلانٹس کو ضروری مرمت کے بعد بحال کیا جائے گا-
وزیراعلیٰ نے کہاکہ جلوبٹرفلائی پارک، استنبول چوک اور دیگر مقامات کی بیوٹیفکیشن کے پراجیکٹ تیار کئے جائیں-
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ لاہور کے معاملات کو دیکھنے کے لئے خود نکلوں گا اور چیکنگ کروں گا-
وزیر اعلی عثمان بزدار نے افسروں کو ہدایت کی کہ لوگوں کی خدمت کریں اور اللہ تعالی سے اجر پائیں –
اجلا س میں چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب، سیکرٹری سوشل ویلفیئر ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او ، ڈی جی پی ایچ اے ، ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی، ایم ڈی واسا، ڈی جی ایل ڈی اے ، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے تمام اعلیٰ افسران موجود تھے-