اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے نہ پیسے واپس مانگے اور نہ ہی تیل بند کیا ہے،
اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں،
بھارت مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کی وجہ سے فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے،مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کا مؤقف پٹ رہا ہے،
مقبوضہ کشمیر میں اٹھنے والی تحریک بتا رہی ہے کہ فتح ان کا ہی مقدر ہو گی،
جہاں ہر 8 افراد پر ایک فوجی بندوق لے کر کھڑا ہو وہاں سرمایہ کاری میں کیا بہتری آ سکتی ہے،
چین اور بھارت کی کشیدگی ابھی ختم نہیں ہوئی،
چینی صدر کا دورہ پاکستان غیر معمولی نوعیت کا ہو گا،
افغانستان میں ایک بگاڑ پیدا کرنے والا گروپ بھی موجود ہے،
افغان طالبان کے وفد سے (آج)منگل کو ملاقات ہوگی ۔
دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرائسس گروپ جو کانفلکٹ زون پر آزاد رائے رکھتا ہے وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو بڑے پیمانے پر مزاحمت اور ،مقامی قرار دے رہا ہے،
ساتھ ہی مطالبہ کررہا ہے کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کو واپس لیا جائے جبکہ یہی بات پاکستانی اور دنیا بھر میں موجود کشمیری بھی کہہ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو جھنجوڑا ہے اور ہم کرتے رہیں گے باخبر رکھا ہے اور آئندہ بھی رکھیں گے کہ کشمیر سے متعلق پالیسی کی ناکامی پر بھارتی سرکار سے بعید نہیں کہ وہ کسی جھوٹے فلیگ آپریشن کا ناٹک رچائیں اور حق خود اردایت کی اس سیاسی مزاحمت کو پھر دہشت گردی سے تشبیہ دینے کی کوشش کریں اور اس کا الزام پاکستان پر لگادیں۔