اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کو اکٹھا کریں گے،
باہمی مشاورت کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا.
جبکہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ باہمی مشاورت کو آگے بڑھائیں گے،
شہباز شریف کے رابطے پر ان کا خیر مقدم کرتا ہوں،
چاہتے ہیں اپوزیشن مشترکہ حکمت عملی اپنائے،
اپوزیشن کی چھوٹی جماعتوں کا اجلاس بلایا تھا جسے موخر کر دیا،
اپوزیشن کی تقسیم ملکی مفاد کیلئے ٹھیک نہیں،
چھوٹی جماعتوں کا اجلاس اور آل پارٹی کانفرنس بھی ہوگی،
آپس کے تحفظات اور شکایات کو دور کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا جہاں جے یو آئی ف کے سربراہ نے لیگی وفد کا استقبال کیا۔
مسلم لیگ ن کے وفد میں ایازصادق، خواجہ سعد رفیق،احسن اقبال و دیگر شامل تھے.
شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے وفد نے اے پی سی اور سیاسی صورت حال پر بات چیت کی۔
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے تحفظات اور شکووں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی (ف )فضل الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چند روز پہلے فضل الرحمان کو فون کیا اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی،
سیاسی صورتحال پر حوصلہ افزا مشاورت ہوئی، اس مشاورت کو آگے لے کر چلیں گے، ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، طے ہوا تمام اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا اے پی سی اور رہبر کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، اے پی سی میں تمام جماعتیں شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کیا چینی، گندم، ادویات کا بحران ہمارے زمانے میں ہوا ؟ تیل کی قیمتیں دنیا میں زمین پر، پاکستان میں آسمان پر چلی گئیں۔