اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف مفرور ہیں،
اب ان کی ضمانت نہیں ہو سکتی، وہ خود واپس آجائیں ورنہ انہیں واپس لایا جائے گا۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کو انسانی ہمدردی کے باعث علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی اور ان کے بھائی شہباز شریف نے ان کی ضمانت دی تھی،
اس لیے اگر نواز شریف کا علاج ہوگیا ہے تو انہیں چاہیے کہ وہ واپس آجائیں۔
نواز شریف کے واپس نہ آنے کی صورت میں شہباز شریف کے بطور ضامن گرفتاری کے سوال پر یاسمین راشد نے کہا کہ ان کی گرفتاری کا فیصلہ محکمہ داخلہ کو کرنا ہے۔
اس سوال پر کہ کیا نواز شریف لندن میں علاج کروارہے ہیں یا سیر سپاٹے کررہے ہیں،
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ یہاں پر ڈاکٹروں نے انہیں جو دوائیاں دی تھیں لگتا ہے ان کا اچھا اثر ہوا ہے
اور جس طرح وہ لندن میں سیر سپاٹا کررہے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں،
اس لیے انہیں واپس آجانا چاہیے