انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا دورہ

ورچوئل یونیورسٹی کے اساتذہ کے وفد کا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا دورہ

لاہور ( لاہورنامہ) ورچوئل یونیورسٹی اور انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ صحت عامہ کے انڈیکیٹرزکو بہتر بنانے کیلئے جاری تعاون کو مزید فروغ دیں گے.

اور دونوں درسگاہیں پبلک ہیلتھ کے مختلف شعبوں میں مشترکہ ڈپلومہ کورسز پروگرام کا جلد اجرا ء کریں گے۔

انسٹیٹیوٹ ریسرچ اینڈ اسٹڈی کیلئے ورچوئل یونیورسٹی کی لیبارٹری کو کورونا وائرس کے سیمپل بھی فراہم کرے گا۔

یہ بات ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے ورچوئل یونیورسٹی کے اساتذہ کے وفد کے آئی پی ایچ کے دورہ کے موقع پر بتائی۔

یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر نعیم طارق کی قیادت میں دورہ کرنے والے وفد میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ پروفیسر عبدالماجد، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محسن جاوید، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ مولیکیولر بائیولوجی ڈاکٹر تنویر حسین، ڈاکٹر آصف ندیم اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر آئی پی ایچ کی ڈائریکٹر پیرامیڈیکل ڈاکٹر نادیہ، کورس کوارڈینیٹر ڈاکٹر عبیداللہ قاضی بھی موجود تھے۔

ڈین آئی پی ایچ ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے مزید بتایا کہ ورچوئل یونیورسٹی اور انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماہرین حفظان صحت سے آگاہی کیلئے پبلک سروس میسج بھی تیار کریں گے.

جو یونیورسٹی کے ٹیلی ویژن چینلز نیٹ ورک سے نشر کئے جائیں گے۔

ڈاکٹر زرفشاں کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ کے فیکلٹی ممبرز ورچوئل یونیورسٹی کے لرننگ مینجمنٹ سسٹم سے آگاہی کیلئے عنقریب یونیورسٹی کا دورہ بھی کریں گے۔